ٹورانٹو (پاکستان پوسٹ)اونٹاریو این ڈی پی کی چائلڈ کیئر کی ناقد ڈولی بیگم نے کہا ہے کہ اونٹاریو کے گھرانوں کو سستی چائلڈ کیئر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بیان کینیڈین سینٹر فار پالیسی آلٹرنیٹوزکی اس تحقیق کے بعد جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چائلڈ کیئر اور تعلیم کے حوالے سے کینیڈا کے چند مہنگے ترین شہر اونٹاریو میں موجود ہیں۔ ڈولی بیگم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اونٹاریو کے گھرانے بے قراری سے کسی ریلیف ملنے کا انتظار کر رہے ہیں کیونکہ چائلڈ کیئر کے اخراجات آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں۔ والدین اپنے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے اپنے روزگار سے سمجھوتا کر رہے ہیں کیونکہ وہ مہنگی چائلڈ کیئر کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ اس مسئلے سے خواتین زیادہ متاثر ہو رہی ہیں کیونکہ تنخواہوں میں صنفی امتیاز بھی برقرار ہے۔ لبرلز نے پچھلے پندرہ سال میں چائلڈ کیئر کو سستا کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا۔ ڈگ فورڈ کی کنزرویٹو پارٹی لوگوں کے لیے زندگی کو اور بھی زیادہ مشکل بنا رہی ہے جبکہ اونٹاریو کے گھرانوں کو سستی اور معیاری چائلڈ کیئر چاہیے۔
