انڈیا میں گیارہ دسمبر کو جیسے جیسے ریاستی انتخابات کے نتائج سامنے آ رہے تھے ویسے ویسے راہل گاندھی کے حق میں لگائے جانے والے نعروں میں بھی اضافہ ہو رہا تھا لیکن ایک چہرہ جو ہمیشہ ہر انتخابی ریلی میں راہل کے ارد گرد نظر آتا تھا وہ ان انتخابات میں نظر نہیں آیا اور وہ چہرہ تھا ان کی بہن پرینکا گاندھی کا۔
وہ پرینکا گاندھی جو اپنے بھائی راہل گاندھی کی پہلی انتخابی مہم میں ان کے ساتھ ساتھ نظر آئی تھیں۔
تو کہاں گئیں پرینکا گاندھی؟ کیا کانگریس کے سیاسی افق سے پرینکا باکل غائب ہو چکی ہیں۔
اِس انتخابی مہم میں راہل گاندھی کی تقاریر اور بیانات کافی مقبول رہے اور وزیراعظم نریندر مودی پر ان کے الزامات نے کافی سرخیاں بٹوری ہیں لیکن پرینکا کسی ریلی میں نظر آئیں نہ ہی خِبروں میں اور ایسا بھی پہلی مرتبہ ہوا کہ پرینکا کے بارے میں اپوزیشن نے کوئی بات بھی نہیں کی۔
کیا پرینکا گاندھی پردے کی پیچھے تھیں؟
مثال کے طور پر کانگریس کے کنوینشن میں سٹیج پر سونیا گاندھی اور راہل نظر آ رہے تھے لیکن پردے کے پیچھے کا سارا انتظام پرینکا نے ہی سنھالا ہوا تھا۔
کانگریس کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پرینکا نے اس کنوینشن میں ہر چھوٹی سے چھوٹی بات کا خیال رکھا تھا۔
اتنا ہی نہیں بلکہ پرینکا نے وہ فہرست بھی تیار کی تھی کہ سٹیج پر پہلے کون سے رہنما تقریر کریں گے اور پہلی مرتبہ نوجوان اور سینیئر رہنماؤں کا امتزاج دیکھنے میں آیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے سونیا گاندھی اور راہل کی تقاریر اور ان میں حقائق اور اعداد و شمار کو بھی پوری طرح چیک کیا۔