جاپان میں دنیا کی مہنگی ترین مچھلی کی نیلامی

دنیا

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں دنیا کی مہنگی ترین 278کلو گرام وزنی بلو فن ٹونا مچھلی 333.6ملین ین (تقریباً43کروڑروپے) میں نیلام کردی گئی۔

ٹوکیو کی مشہور سوکیجی مارکیٹ کی دوسری جگہ منتقلی کے بعد یہ نئے سال کی پہلی نیلامی ہے، جو 2013ء میں سالانہ نیلامی میں لگنے والی بولی کے دُگنا سے بھی زیادہ ہے۔

کامیاب بولی کیو مورا کارپوریشن کے مالک کیوشی کیمورا نے لگائی جو سوشی زنمائی کی چین چلارہے ہیں اور ماضی میں ہونے والی سالانہ نیلامیوں میں اکثر وہ ہی کامیاب رہے ہیں۔

کیمورا کا کہنا ہے کہ اس سال ٹونا کی بڑھی ہوئی قیمت میرے لئے حیران کن ہے لیکن جو ٹونا میں نے خریدی ہے اُس کی کوالٹی بہترین ہے۔

جاپانی بلو فن ٹونا کے سب سے بڑے صارف ہیں، ٹوکیو اور دیگر ممالک میں ٹونا کے استعمال میں اضافے سے اس کا شکار بھی بڑھ گیا ہے، جس کی وجہ سے ماہرین اس نسل کے معدوم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

دوسری جانب بلو فن کے تحفظ کے لئے اقدامات کے بھی اشارے ملے ہیں اور جاپان و دیگر حکومتوں نے 2034ء تک بلوفن کے اسٹاک میں 20فیصد تک اضافہ کرنے کے منصوبے کی حمایت کی ہے۔

ٹونا، سامن و دیگر مچھلیوں کے فوائد

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹھنڈے پانی کی مچھلیاں، خاص طور سے ٹونا، سامن اور دیگر چکنی مچھلیوں میں اومیگا تھری ایسڈ وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو دماغی اور دل کے امراض کے علاوہ انسانی جسم کے مختلف اعضا کے لئے بہت فائدے مند ہے۔

انسانی صحت کے لئے مچھلی کا گوشت اورتیل بہت ہی مفید ہے۔ مثلاً دل کے امراض کو لیسٹر ول، وزن کا بڑھنا، ڈپریشن، کینسر ،آنکھ کی تکالیف، جلد، زخم اور دوسرے بہت سارے امراض میں مچھلی کا تیل بہت ہی مفید ہوتا ہے کیونکہ مچھلی کے تیل میں موجود اومیگا دل کے امراض میں ایک بہت مفید چیز ہے۔

امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی ایک تحقیق کے مطابق مچھلی دل کے امراض کی شرح کو بہت حد تک کم کر سکتی ہے، وزن کو کم کرنے میں مچھلی کا تیل بہت مفید ہوتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے