سیاسی مفادات کے حصول کیلئے کراچی کو تشدد کی آگ میں نہیں دھکیلا جاسکتا: سعید غنی

پاکستان

کراچی : رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی نے کہا ہے کہ کھلم کھلا سیاسی سرگرمیوں پر حملے ہورہے ہیں، سیاسی مفادات کو حاصل کرنے کیلئے شہر کو تشدد کی آگ میں نہیں دھکیلا جاسکتا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم کا ایک کارکن جاں بحق ہوا تھا، ہم نے فوری مطالبہ کیا تھا پورے واقعے کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں، اگر تحقیقات ہوجاتیں تو حالات اتنے خراب نہ ہوتے، ان واقعات میں پولیس کا کردار عجیب سا ہے، پولیس بروقت کارروائی کرلیتی تو کسی کی جان نہ جاتی،نہ گاڑیاں جلتی، کل جو واقعہ ہوا اس میں جلسہ کرنے والے منتظمین نے پولیس کو کال کی، کل بھی پولیس نے بروقت ایکشن نہیں لیا،ورنہ صورتحال خراب نہ ہوتی۔

انہوں نے کہاکہ ہماری ایف آئی آر ابھی تک نہیں کاٹی گئی، ہمارے 3کارکن زخمی ہیں،گاڑیوں کو بھی آگ لگادی گئی ہے ، چھوٹے چھوٹے واقعات پہلے بھی ہوتے رہے،کارروائی نہیں ہوئی، چند دن بعد انتخابات ہیں، مجھے ڈر اور خوف ہے 8فروری کو شہر میں فسادات بڑھ نہ جائیں، یہ واقعات اس شہر اور ملک کے مفاد میں نہیں ہیں، ایم کیو ایم کے لوگ ہم پر الزامات لگارہے ہیں، پیپلز پارٹی تو جیت رہی ہے وہ ایسے واقعات کیوں کرے گی؟

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ کراچی شہر کا ماضی بہت خوفناک ہے، کراچی میں امن کی بحالی کیلئےہزاروں جوانوں کی جانیں گئی ہیں، آج ہماری نگران وزیراعلیٰ سندھ سے بھی ملاقات ہوئی ہے، کسی شخص کو امن و امان اپنے ہاتھ میں لینے کی جرات نہیں ہونی چاہیے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نیو کراچی کے علاقے میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے کارکنان میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 12 سال کا کم سن بچہ جاں بحق جبکہ 3 نوجوان زخمی ہوگئےتھے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے