لاہورمیں سردی کی دستک، ہلکی بارش سے سموگ میں کمی

کمیونٹی نیوز

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) شہر کے مختلف علاقوں میں بارش نے سردی کی آمد کی نوید سنادی اور ساتھ ہی ماحول پر چھائی سموگ کی بھی بڑی حد تک چھٹی کردی۔

ہفتہ کے روز علی الصبح پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں سرد ہواﺅں نے ڈیرے ڈالے جس کے بعد ہلکی بارش نے ماحول کو ٹھنڈا ٹھار کردیا۔ مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے جہاں موسمِ سرما نے دستک دی وہیں سموگ کی شدت میں بھی بڑی حد تک کمی آئی ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ حالیہ بارش سے سموگ میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن اگر مزید بارشیں نہ ہوئیں تو گرد آلود دھند اس سال بھی تختِ لاہور کے پائے ہلادے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج مالاکنڈ، ہزارہ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ ، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے