وزیر اعظم نے ’’خصوصی افراد ‘‘ کے لئے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کے لئے حتمی سفارشات آئندہ چار ہفتوں میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی

پاکستان

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے تمام وزارتوں ، ڈویژنز اور صوبائی حکومتوں کو ’’خصوصی افراد‘‘ کے لیے حکومتی مختلف اقدامات پر مکمل طور عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے لائحہ عمل اور سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کردی ،حتمی سفارشات و تفصیلی لائحہ عمل آئندہ چار ہفتوں میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

وزیر اعظم آفس سے جاری ہونے والےمراسلہ کے مطابق خصوصی افراد کے لیے دو فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کے لیے لائحہ عمل کی ذمہ داری سٹیبلشمنٹ ڈویژن اور صوبائی حکومتوں کو دی گئی ہے۔ دیکھنے میں آیا ہے کہ ملازمتوں کے لیے دیے جانے والے اشتہارات میں دو فیصد کوٹہ مخصوص افراد کے لیے بھی رکھا جاتا ہے تاہم اسامیوں کی تعداد کے باعث دو فیصد کوٹے پر مخصوص افراد کی بھرتی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے، دو فیصد کوٹہ کا استعمال وزارت ڈویژن کی کل افرادی قوت کی بنیاد پر کیا جانا چاہیے ۔متاثرہ سماعت کے حامل افراد کو بین الاقوامی طور طریقوں اور ضابطے کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے حوالے سے سفارشات اور اقدامات کی ذمہ داری وزارت داخلہ اور صوبائی حکومتوں کو دی گئی ہے۔ جسمانی طور پر معذور افراد کو مفت وہیل چیئر کی فراہمی پر عملدرآمد کے لیے لائحہ عمل کی ذمہ داری وزارت قومی صحت اور صوبائی حکومتوں کو دی گئی ہے۔ بصارت سے محروم افراد کو سفید چھڑی مہیا کرنے کی حوالے سے اقدامات کی ذمہ داری بھی وزارت قومی صحت اور صوبائی حکومتوں کو دی گئی ہے۔ مخصوص افراد کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی پر عملدرآمد کے لیے اقدامات و لائحہ عمل کی ذمہ داری وزارت قومی صحت اور صوبائی حکومتوں کو دی گئی ہے۔ مخصوص افراد کو گھروں کی فراہمی کے لیے اقدامات و سفارشات کی ذمہ داری وزارت ہاؤسنگ کو دی گئی ہے ۔ تمام متعلقہ وزارتیں/ڈویژنز اور صوبائی حکومتیں چار ہفتوں میں لائحہ عمل اور سفارشات سٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذریعے وزیر اعظم آفس کو بھجوائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے