اپنی مرضی کے مقام اور وقت پر بھارت کو جواب دینگے: قومی سلامتی کمیٹی

پاکستان

قومی سلامتی کمیٹی نے دہشت گردی کے مبینہ کمیپ پر بھارتی حملے کا دعویٰ مسترد کر دیا۔ پاکستان نے بھارتی جارجیت کا جواب دینے کا فیصلہ کرلیا۔ اجلاس میں کہا گیا پاکستان اپنی مرضی کے مقام اور وقت پر بھارت کو جواب دے گا۔وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مبینہ دہشتگرد کیمپ کو ٹارگٹ کرنے کا بھارتی دعویٰ مسترد کرتے ہیں، بھارتی حکومت نے ایک بار پھر جھوٹا دعویٰ کیا، یہ اقدام بھارت میں انتخابی ماحول کیلئے کیا گیا۔کمیٹی اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ بھارت نے اپنے اقدام سے خطے کے امن و استحکام کو خطرات سے دوچار کیا، پاکستان جوابی کارروائی کیلئے وقت اور جگہ کا تعین خود کریگا، بھارتی مبینہ حملے کا شکار علاقہ دنیا کیلئے کھلا ہے تاکہ حقائق جانے جاسکیں، عالمی اور ملکی میڈیا کو مذکورہ جگہ کا دورہ کرایا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خزانہ اسد عمر، چیئرمین جوائنٹ چیفسآف سٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوئے۔ عمران خان نے فورسز کو تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا قوم اور سکیورٹی فورسز تیار رہیں۔ وزیراعظم نے بروقت جوابی کارروائی پر پاک فضائیہ کی تعریف کی اور کہا بروقت کارروائی سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔عمران خان نے بھارتی غیر ذمہ دارانہ رویے سے متعلق عالمی قیادت سے رابطوں کا فیصلہ کرلیا۔ انہوں نے کہا بھارتی پالیسی کا معاملہ عالمی فورمز پر اٹھایا جائے گا۔ ادھر وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس بھی کل طلب کرلیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے