انڈین جہاز 3 منٹ میں پسپا ہو کر بھاگ گئے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

پاکستان

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کو جواب ضرور دیگا، عالمی اور مقامی میڈیا کو مبینہ حملے کے مقام کا دورہ کرایا جائے گا، انڈین جہاز 3 منٹ میں پسپا ہو کر بھاگ گئے۔ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خزانہ اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا حکومت نے معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، ملکی سیاسی قیادت کو اعتماد میں لینے کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، ملکی اور غیر ملکی میڈیا کو مبینہ حملے کے علاقے کا دورہ کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا بھارت نے پاکستان کی سالمیت کی خلاف ورزی کی، اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو صورتحال سے آگاہ کریں گے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا جدہ میں کشمیر کی صورتحال پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس جاری ہے، ابوظہبی میں 2 مارچ کو وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوگا، ابوظہبی اجلاس سے متعلق پاکستان کوآگاہ نہیں کیا گیا، اجلاس کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا پلوامہ حملے کے بعد بھارت میں مسلمان ریاستوں میں ظلم کیا جا رہا ہے، وزیراعظم کے پلوامہ سے متعلق بیان کو پوری دنیا میں سراہا گیا، کئی ہفتے پہلے دنیا کو بھارت سے متعلق خدشات سے آگاہ کر چکے، مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کو بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ آج کی صورتحال میں بھارت کیلئے کسی فورم پر رعایت کی کوئی گنجائش نہیں، بھارت کی 5 ریاستوں کے انتخابی نتائج سے بی جے پی بوکھلاگئی ہے، جارحیت کا جواب دینا ہمارا حق ہے، قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے