نائیجیریا،صدر کی انتخابی ریلی میں بھگدڑ، خواتین سمیت 15 ہلاک

دنیا

نائیجیریا(آن لائن )نائیجیریا کے جنوبی علاقے میں صدر محمد بوہاری کی انتخابی ریلی میں بھگدڑ مچنے سے 12 خواتین سمیت کم ازکم 15 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ 16 فروری کو ہونے والے انتخابات کے حوالے سے صدر بوہاری کی جانب سے انتخابی ریلی نکالی گئی تھی جہاں ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد جاری انتخابی مہم کے دوران ہونے والی ہلاکتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔نائیجیریا کے صدر محمد بوہاری اپنی صدارت کو مزید چارسال طول دینے اور دوسری مدت کے لیے امیدوار ہیں۔پورٹ ہیرکورٹ ٹیچنگ ہسپتال یونیورسٹی کے ترجمان کیم ڈینئل الیبیگا نے کہا ہے کہ ہسپتال میں 15 لاشیں لائی گئی تھیں جن میں سے 3 مرد اور دیگر خواتین تھیں۔کیم ڈینئل الیبیگا نے کہا کہ 12 زخمی بھی ہسپتال لائے گئے تھے جن میں سے 9 افراد تاحال ہسپتال میں داخل ہیں اور ان کی حالت بہتری جانب گامزن ہے۔قبل ازیں پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 4 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے ہیں جبکہ محمد بوہاری کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کئی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔عینی شاہدین اور مقامی میڈیا کے مطابق ریلی میں بھگدڑ اس وقت مچی جب اڈوکیے امیسیکاما اسٹیڈیم میں جلسہ ختم ہوتے ہی شہریوں نے واپسی کے لیے اس راستے کو چنا جو بند تھا۔ایک صحافی ایگوفے یافوگبورہی نے کہا ہے کہ جو افراد پچھلے صفوں میں تھے ان کی جانب سے دھکے دے گئے جس کا دباو اگلی صفوں میں کھڑے لوگوں پر پڑا جس کے نتیجے میں چند افراد گر گئے اور انہیں روند دیا گیا۔حادثے کے بعد اسٹیڈیم میں ہر طرف خون اور خون آلود کپڑے اور دیگر اشیا بکھری پڑی تھی۔پولیس ترجمان نیمادی اومانی نے کہا ہے کہ حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے اور ہم اس طرح کے اجتماعات میںہجوم کو قابو کرنے کے لیے بہتر اقدامات کررہے ہیں۔قبل ازیں گزشتہ ہفتے ریاست طرابہ میں صدر محمد بوہاری کی انتخابی ریلی میں2 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔صدر محمد بوہاری کی جماعت آل پروگریسو کانگریس کی جانب سے ہی 21 جنوری کو شہر میدوگوری میں ایک جلسہ کیا جارہا جہاں بوہاری بھی دورے پر تھی تو اسٹیج گرنے کے باعث کئی افراد زخمی ہوگئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے