پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر ہزیمت، بنگلادیش سے ٹیسٹ میں پہلی بار کلین سویپ شکست

کھیل

راولپنڈی: (پاکستان پوسٹ) بنگلا دیش نے پاکستان کو راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں تاریخی وائٹ واش کر دیا۔بنگلا دیش نے پاکستان کے ہوم گراؤنڈ پر تاریخ رقم کر دی، بنگال ٹائیگرز نے شاہینوں کو ان کے گھر میں ہی دبوچ لیا، 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو آؤٹ کلاس کر دیا۔راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، بنگلادیش نے سیریز دو صفرسے جیت لی، قومی ٹیم تینوں شعبوں میں مکمل فلاپ نظر آئی، بنگلا دیش نے 185 رنز کا ہدف 4 وکٹوں پر با آسانی پورا کر لیا۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز بنگلادیش نے 42 رنز بغیر کسی نقصان کے کھیل کا آغاز کیا تاہم 16 رنز کے اضافے پر بنگال ٹائیگرز کے ذاکر حسن 40 اور شادمان اسلام 24 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔بعدازاں کپتان نجم الحسین شانتو 38 اور مومن الحق 34 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے لیکن بعد میں آنے والے سابق کپتان مشفق الرحیم اور شکیب الحسن نے 32 رنز کی شراکت داری قائم کر کے ٹیم کم میچ جتوا دیا۔پاکستانی باؤلرز کم سکور کا دفاع نہ کر سکے، میر حمزہ، خرم شہزاد، ابراراحمد اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ لی، پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں 17 ویں بار وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔اس سے قبل پاکستان کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 172 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔قومی ٹیم نے 9 رنز 2 وکٹوں کے نقصان پر چوتھے روز کھیل کا آغاز کیا تو 47 کے مجموعی سکور پر اوپنر صائم ایوب 20 رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ اس کے بعد کپتان شان مسعود 62 کے مجموعی سکور پر 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔کپتان شان مسعود کے بعد تجربہ کار بلے باز بابر اعظم بھی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے اور 11 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی، بابراعظم پوری سیریز میں اچھا کھیل پیش نہ کر سکے۔نائب کپتان سعود شکیل 2، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 43، محمد علی صفر، ابرار احمد 2 اور میر حمزہ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا 47 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 5، ناہید رانا نے 4 اور تسکین احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز نے کھیل کا شاندار آغاز کیا تاہم سٹیڈیم میں کم روشنی کی وجہ سے میچ کے چوتھے روز کا کھیل ختم کر دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے