پاکستان کو 7 وکٹ سے شکست، میچ اور سیریز جنوبی افریقا کے نام

کھیل

جنوبی افریقا نے پاکستان کو 5ویں ایک روزہ میچ میں 7 وکٹ سے مات دے کر پانچ میچوں کی سیریز 3۔2 سے جیت لی۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 241 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 40 اوورز میں 3 وکٹ پر حاصل کرلیا۔

جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، گرین شرٹس نے فخر زمان کے 70، شعیب ملک 31 اور عماد وسیم کے ناقابل شکست 47 رنز کی بدولت اسکور بورڈ پر 240 رنز ہندسہ سجایا۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی پہلی وکٹ 39 کے اسکور پر گری، 14 رنز بنانے والے ہاشم آملہ کو شاہین شاہ آفریدی نے محمد رضوان کی مدد سے قابو کرلیا۔

دوسری وکٹ پر ڈی کوک نے ہنڈرکس کے ساتھ مل کر اسکور 100 رنز تک پہنچادیا، 34 رنز بنانے والے ہنڈرکس کو محمد عامر نے میدان سے واپسی کا راستہ دکھایا۔

جنوبی افریقا کی تیسری اور آخری وکٹ 146 کے اسکور پر گری، اوپنر ڈی کوک 82 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر عثمان شنواری کا شکار بن گئے۔

چوتھی وکٹ پر کپتان فاف ڈوپلیسی نے ڈوسن کے ساتھ مل کر 95 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

گرین شرٹس کی طرف سے محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری نے1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

آخری ایک روزہ میچ میں شاندار پرفارمنس پر ڈی کوک کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز پاکستانی اوپنر امام الحق کے نام رہا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کا آغاز یکم فروری سے ہوگا، جبکہ دوسرا میچ 3 اور تیسرا 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے