ملک بھر میں یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

پاکستان

لاہور سمیت آج ملک بھر میں 21 رمضان یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ عقیدت و احترام سے منایا رہا ہے۔
یوم علی کرم اللہ وجہہ کی مناسبت سے ملک بھر میں مجالس برپا کی جا رہی ہیں اور جلوس بھی نکالے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں گزشتہ شب یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ زینبیہ سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ اثنا عشری پہنچ کر اختتام پذیر ہوا جبکہ راولپنڈی اور پشاور میں بھی یوم علی کرم اللہ وجہہ کے جلوس ختم ہو گئے۔

لاہور جلوس
لاہور میں یوم حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا، اس حوالے سے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کیے گئے ہیں۔

سکیورٹی اور ٹریفک پلان

جلوس کے شرکا کی سکیورٹی تین درجات میں کی جارہی ہے، شرکا کو واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز سے جلوس میں شامل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے، سی سی ٹی وی کیمروں سے تمام راستوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

مرکزی جلوس میں شرکت کرنے والے عزاداروں کی گاڑیوں کیلئے 08 پارکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔

دہلی دروازہ، اڈا کراؤن پلازہ، موچی دروازہ باغ کے پوائنٹس پارکنگ کے لئے مختص کئے گئے ہیں، ڈی پلازہ نزد رنگ محل اور سینٹرل ماڈل ہائی سکول کو بھی پارکنگ کے لئے مختص کیا گیا ہے۔

اسی طرح داتا دربار آئی ہسپتال، ڈپٹی کمشنر آفس کی پارکنگ اور گریٹر اقبال پارک میں بھی جلوس میں شرکت کے لئے آنے والے گاڑیاں پارک کر سکیں گے۔

ماتمی جلوس کے گرد و پیش میں ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے چارڈی ایس پیز، 118 انسپکٹرز اور 696 وارڈنز ڈیوٹی پر موجود ہیں جبکہ 10 فوک لفٹرز اور 02 بریک ڈاؤن بھی موقع پر موجود ہیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق آزادی فلائی اوور سے تمام ٹریفک کو ریلوے سٹیشن کی جانب بھجوایا جا رہا ہے جبکہ کچہری چوک اور آزادی فلائی اوور سے کربلا گامے شاہ کی جانب راستہ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے۔

کچہری چوک سے تمام ٹریفک کو آؤٹ فال روڈ، سگیاں اور رنگ روڈ کی طرف موڑا جا رہا ہے جبکہ سرکلر روڈ کی طرف سے آنے والی ٹریفک کو شاہ عالم چوک سے میو ہسپتال کی جانب اردو بازار بھجوایا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں موری گیٹ سے بھاٹی چوک کی طرف جانے والی سڑک مکمل طور پر بند ہے، پانی والا تالاب کی جانب سے رنگ محل کی جانب آنے والی سڑک بھی عام ٹریفک کیلئے ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق میلاد چوک سے اندرون دہلی گیٹ، مسجد وزیر خان کی طرف جانے والی سڑک بھی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے۔

کراچی
ادھر کراچی میں یوم حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا جلوس دوپہر ایک بجے برآمد ہوا، جلوس ایم اے جناح روڈ، ریگل چوک، پریڈی سٹریٹ سے گزر کر شام 7 بجے حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

ٹریفک پلان

جلوس کے اوقات میں ٹریفک کو گرومندر چوک سے آگے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں ہے۔

ناظم آباد سے آنے والی ٹریفک لسبیلہ چوک سے نشترروڈ، لیاقت آباد کی ٹریفک کو تین ہٹی چوک سے جیل روڈ کی طرف موڑا جا رہا ہے، سٹیڈیم روڈ سے آنے والی ٹریفک کو نیو ایم اے جناح روڈ، شاہراہ پاکستان کی ٹریفک کو لیاقت آباد نمبر 10 سے ناظم آباد جانے کی اجازت ہے۔

مرکزی جلوس سے قبل ضمیر الحسن ٹرسٹ کے زیر اہتمام مرکزی مجلس کا انعقاد ہوا جس سے علامہ ریحان حیدر رضوی نے خطاب کیا، مجلس کے بعد جلوس، علم و تابوت و ذوالجناح برآمد ہوئے، جلوس کی قیادت بوتراب سکاؤٹس کر رہے ہیں۔

فلسطینیوں سے یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ
شرکا جلوس کے ہمراہ محفل شاہ خراساں سے نمائش چورنگی پہنچیں گے، نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ پر ادا کی گئی جس کے بعد فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔

مظاہرے کے بعد جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا، جلوس کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے