وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کر کے انہیں تیسری بار وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد دی۔
ڈونلڈ بلوم نے اس موقع پر کہا کہ تمام سفارتکاروں سے پہلے آپ کو مبارکباد دینے آیا ہوں جبکہ ملاقات میں امریکی سفیر نے وزیراعلیٰ سے ان کے تیسرے دور کی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نئی حکومت میں وہ چیئرمین بلاول بھٹو کے دس نکات کو نافذ کریں گے، امن و امان کی مکمل بحالی اولین ترجیح ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کو صاف پانی، ٹرانسپورٹ اور انفرا اسٹرکچر کی مزید بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہے، سوشل پروٹیکشن کے تحت صوبے میں غربت کا خاتمہ ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی زون کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کریں گے، تعلیم کی ترقی کیلئے اہم اقدامات کریں گے، صنعتی اور زرعی ترقی سے معیشت کو مضبوط کریں گے، سندھ میں جو ترقیاتی کام شروع کیے تھے ان کو مکمل کریں گے۔
دونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت سندھ کے عوام کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی، امریکن سپورٹ کے تحت تعلیم کے شعبے میں مزید تعاون کریں گے۔