الیکشن کمیشن نے ہماری کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا : طارق فضل چودھری

پاکستان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چودھری کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ہماری کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر عقیل انجم اور راجا خرم نواز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے کل تین سیٹوں کا فیصلہ کیا ہے، اسلام آباد کے تینوں حلقوں کی گزشتہ دنوں میں تنازعات پیدا کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہمارے تینوں حلقوں کے کامیاب نوٹیفکیشن معطل کیے، انہوں نے جھوٹ اور بدنیتی کی بنیاد پر نوٹیفکیشن معطل کرائے، ہمارے خلاف پراپیگنڈہ کیا گیا کہ ان حلقوں میں کوئی بے ضابطگی کی گئی ، یہ کہتے ہیں 9مئی کے واقعات ہمارے خلاف سازش تھی، آپ نے نوجوانوں کو گمراہ کیا، ہم سب کا مستقبل اس ملک اوراداروں کے ساتھ ہے۔

طارق فضل چودھری نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہت جھوٹ بولا کہ ہمارے پاس فارم 45ہیں اور دوسروں کے پاس نہیں، ہم سوشل میڈیا پر جھوٹ بول کر مرضی کے نتائج لینے کی کوشش نہیں کرتے، ہم نے عدالتوں کے فیصلے پہلے بھی مانے اب بھی مان رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فارم 45کی تصدیق کا عمل ٹرائل کورٹ کرتی ہے، الیکشن سے متعلق شکایات صرف الیکشن ٹریبونل سن سکتا ہے، ہمارے پاس بھی فارم 45 موجود ہیں، ہم فراہم کرینگے، ان کو کہتا ہوں خدارا جھوٹ مت پھیلائیں، 1970 کے بعد ہر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات لگائے گئے، آپ پورے سسٹم کو متنازع بنا رہے ہیں ، پی ٹی آئی سے کہتا ہوں ہم سے سیاسی میدان میں لڑیں پاکستان سے نہ لڑیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کی تینوں نشستوں پر لیگی امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز بحال کردیے ، این اے 46سے انجم عقیل ، این اے 47سے طارق فضل چودھری اور این اے 48سے راجہ خرم نواز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال کردیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے