اسرائیلی فوج نے رفح کراسنگ کا آپریشنل کنٹرول حاصل کرلیا

دنیا

غزہ : (پاکستان پوسٹ) اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے رفح کراسنگ کا آپریشنل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔قطری میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی سپیشل فورسز رفح کراسنگ کے علاقے کی سکیننگ کر تے ہوئے مشرقی رفح کے مخصوص علاقوں میں آپریشن کر رہی ہے۔اسرائیلی فوج کے مطابق رفح میں ملٹری آپریشن کے علاقے سے بڑی تعداد میں فلسطینی انخلا کر رہے ہیں، کرم ابو سالم کراسنگ سیکیورٹی وجوہات پر بند کردی گئی ہے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ کرم ابو سالم کراسنگ صورت حال بہتر ہونے پر دوبارہ کھول دی جائے گی۔ادھر وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی کے مطابق امریکی حکومت حماس کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کو قبول کرنے کا ’جائزہ‘ لے رہی ہے۔دوسری جانب حماس کی جنگ بندی تجاویز پر رضامندی کے بعد اسرائیل نے رفح پر حملے جاری ہیں ، اسرائیل کے 3 مختلف حملوں میں 12 فلسطینی شہید ہوئے ہیں ۔ صیہونی فوج شہر کے مشرق میں اہداف کو نشانہ بنا رہی ہے، رفح میں بڑے پیمانے پر توپ خانے سے فائرنگ کی جا رہی ہے جبکہ ٹینکوں کی پیش قدمی بھی جاری ہے۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر کے حماس کے حملے کے بعد اسرائیل کی فلسطین میں جوابی کارروائیاں جاری ہیں، حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک کم از کم 34 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے