پانی کی فراہمی کیلئے نظام کی بہتری ناگزیر ہے: گوہر اعجاز

پاکستان

وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پانی کی فراہمی کیلئے نظام کی بہتری ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز کی زیر صدارت اسلام آباد اور راولپنڈی میں پانی کی فراہمی اور صفائی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد ہوا، اجلاس میں جڑواں شہروں میں پانی کی فراہمی، صفائی اور فضلہ کو ٹھکانے لگانے کے موجودہ نظام کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی، چیف کمشنر اسلام آباد، لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ، آر ڈی اے اور کنٹونمنٹ بورڈ کے نمائندگان نے شرکت کی ۔

وزیر داخلہ گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ جڑواں شہروں میں 8000 صفائی کارکن ہیں جو 7 ارب روپے کے سالانہ بجٹ کے ساتھ روزانہ 2300 ٹن کچرے کو ٹھکانے لگاتے ہیں لیکن پھر بھی دونوں شہروں کی صفائی کو معیاری قرار نہیں دیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت جڑواں شہروں کو پانی کی 47 فیصد کمی کا سامنا ہے ہم چاہتے ہیں کہ وفاقی دارالحکومت اور یہاں کے رہائشی دوسرے شہروں کیلئے روشن مثال بنیں۔

گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ پانی کی فراہمی اور صفائی بنیادی ضروریات ہیں، کل کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہمیں آج فیصلہ سازی کرنا ہو گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مربوط، جامع اور موثر نظام وضع کرنا ہو گا تاکہ عوام کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں، اس ضمن میں جلد از جلد تمام ضروری اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھل صفائی کو یقینی بنانا پانی کی فراہمی کے نظام کی بہتری کے لیے ناگزیر ہے، زیر زمین پانی کی سطح میں بہتری پانی کی فراہمی میں انتہائی اہم ہے اس لئے اس جانب توجہ مرکوز کرنا ہو گی ،اسلام آباد کے قدرتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے