غزہ: اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 26 ہزار سے تجاوز کرگئی

دنیا

غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 26 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کا بتانا ہےکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 183 افراد شہید اور 377 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل فوج نے خان یونس شہر میں مہاجرین کے کیمپ اور عوامی سہولیات کے مراکز پر شیلنگ کی جب کہ الامل اسپتال پر فائرنگ سے وہاں موجود لوگوں نے اسپتال چھوڑ دیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ اسرائیلی فوج نے الامل اسپتال سے باہر نکلنے والوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو بھائی شہید ہوگئے، ان میں سے ایک نوجوان نے ہاتھ میں امن کی علامت سفید جھنڈا بھی تھام رکھا تھا۔
اسرائیلی فوج نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں غزہ پر زمینی اور فضائی حملوں کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ اسرائیلی فوج پورے غزہ میں زمین اور فضا سے حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کی فضائیہ نے حملوں میں آپریشنز سینٹرز اور اسلحہ کے گودام تباہ کیے ہیں جب کہ ان حملوں میں اینٹی ٹینک پوسٹیں بھی تباہ کی گئیں جو فلسطینی مزاحمت کار استعمال کررہے تھے۔
اسرائیلی فوج کی غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری بربریت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 26 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 64 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔

عالمی عدالت انصاف آج فیصلہ سنائے گی
دوسری جانب عالمی عدالت انصاف جنوبی افریقا کی غزہ میں نسل کشی روکنے کے لیے دائر درخواست پر فیصلہ آج سنائے گی۔

غزہ کے معاملے پر جنوبی افریقا کی درخواست پر عالمی عدالت انصاف کے 17 ججوں نے سماعت کی تھی جب کہ اس بینچ میں جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے عدالت کے ڈپٹی چیف جسٹس اور اسرائیلی سپریم کورٹ کے سابق صدر بھی شامل تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے