رمضان المبارک: اب تک 80 لاکھ سے زائد افراد عمرہ کی سعادت حاصل کرچکے

دنیا

ہر سال رمضان المبارک میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ آنے والے زائرین کی تعداد میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق اس رمضان المبارک میں اب تک 80 لاکھ سے زائد افراد عمرہ ادا کرچکے ہیں اور اس ماہ کے اختتام تک یہ تعداد مزید اور تیزی کے ساتھ بڑھے گی۔

اعداد و شمار کے مطابق رمضان المبارک کے آغاز سے اب تک 82 لاکھ 35 ہزار 680 عمرہ کرنے والے بیرون ملک سے پہنچے جن میں سے 72 لاکھ 59 ہزار 504 افراد عمرہ ادا کرچکے ہیں جبکہ 9 لاکھ 76 ہزار 176 افراد ابھی سعودی عرب میں موجود ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق رواں رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران تقریباً 1 کروڑ کے قریب زائرین مسجد نبویؐ آئے جبکہ ساڑھے 7 لاکھ کے قریب خوش نصیب افراد نے روضہ رسولﷺ پر حاضری دی۔

رمضان المبارک کے دوران مسجد نبویؐ آنے والے زائرین کے لیے یومیہ 4 لاکھ لیٹر آبِ زم زم فراہم کیا جارہا ہے، اس دوران زائرین میں آب زمزم کی ایک لاکھ 95 ہزار 800 بوتلیں تقسیم کی گئیں اور 29 لاکھ 8 ہزار 530 افطار پیکٹس روزے داروں میں تقسیم کیے گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ 24 گھنٹے زائرین اور نمازیوں میں زم زم کی فراہمی میں مصروف رہتی ہے، روضہ شریف میں یومیہ زم زم کی 10 ہزار اور مسجد نبوی میں 15 ہزار بوتلیں تقسیم کی جاتی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق رمضان المبارک میں غیرملکی زائرین کی بہت بڑی تعداد بھی مدینہ منورہ پہنچ رہی ہے اور انتظامیہ اور حکام مقدس مقامات پر آنے والوں کو بہترین سہولیات دینے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے