زمین سے باہر کسی سیارے پر پہلی پرواز کرنے والے ہیلی کاپٹر مشن کا اختتام

دنیا

زمین کے پڑوسی سیارے مریخ پر امریکی خلائی ادارے ناسا کا روبوٹ ہیلی کاپٹر انجینیوٹی مشن 3 سال کے بعد اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ پہلا ہیلی کاپٹر تھا جس نے زمین سے باہر کسی اور سیارے پر پرواز کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔

2021 میں مریخ پر پہنچنے کے بعد اس ہیلی کاپٹر نے مریخ پر درجنوں بار پرواز کی تھی۔
18 جنوری کو 72 ویں بار اس ہیلی کاپٹر نے پرواز کی تھی جس کے دوران اس کے ایک روٹر بلیڈ کو نقصان پہنچا تھا۔

ناسا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق روٹر بلیڈ کو نقصان پہنچنے کے بعد انجینیوٹی کے لیے کام جاری رکھنا ممکن نہیں رہا تھا۔

ناسا کے ایڈمنسٹریٹر بل نیلسن نے ایک بیان میں بتایا کہ ہیلی کاپٹر نے مریخ پر آخری بار اڑان بھرلی ہے۔

اس ہیلی کاپٹر کو 5 پروازوں کے مشن کے لیے مریخ پر بھیجا گیا تھا مگر اس نے توقعات سے بڑھ کر کام کیا۔

انجینیوٹی کو ناسا کی Jet Propulsion Laboratory (جے پی ایل) کے ماہرین نے ڈیزائن اور تیار کیا تھا۔

مریخ پر 72 پروازوں کے دوران اس ہیلی کاپٹر نے 2 گھنٹے 8 منٹ سے زائد وقت فضا میں گزارے اور ساڑھے 10 میل کا فاصلہ طے کیا۔

اس ہیلی کاپٹر کو ناسا کے پرسیورینس روور کے ساتھ مریخ پر پہنچایا گیا تھا۔

21 اپریل 2021 کو اس نے مریخ میں پہلی بار پرواز کی تھی اور 39 سیکنڈ تک فضا میں رہا تھا، جسے خلائی سائنس میں بہت بڑی پیشرفت قرار دیا گیا تھا۔

اس کے بعد ناسا کی جانب سے ہیلی کاپٹر کی صلاحیتوں کو ہر ممکن حد تک استعمال کیا گیا۔

ہیلی کاپٹر نے دم توڑنے سے قبل بھی ڈیٹا ناسا کو واپس بھیجا تھا جس کے بعد اس کا پرسیورینس روور سے رابطہ ٹوٹ گیا۔

خیال رہے کہ مریخ میں کشش ثقل کی طاقت زمین کے مقابلے میں بہت کم ہے اور اس کی فضا ہمارے سیارے کے مقابلے میں محض ایک فیصد کثیف ہے، جس کی وجہ سے وہاں اڑنے کے لیے زیادہ ہوا نہیں ملتی۔

ناسا کے مطابق ماہرین کی جانب سے ہیلی کاپٹر پر آخری ٹیسٹ کرکے اس کے کمپیوٹر سے باقی ماندہ تصاویر ڈاؤن لوڈ کی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے