وائی فائی 7 کے عہد کا آغاز

کاروبار

وائرلیس نیٹ ورکس کے نئے عہد کا آغاز ہوگیا ہے۔

وائی فائی الائنس نے وائی فائی 7 ڈیوائسز کو سرٹیفائیڈ کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

وائی فائی الائنس کے مطابق وائرلیس کمیونیکشن کا نیا ورژن موجودہ اسٹینڈرڈ کے مقابلے میں بہت زیادہ بہتر ہوگا۔
الائنس کے مطابق یہ پہلا وائرلیس کمیونیکیشن اسٹینڈرڈ ہے جو خاص طور پر 6 گیگا ہرٹز بینڈ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

اگرچہ وائی فائی 6 اسٹینڈرڈ بھی 6 گیگا ہرٹز بینڈ کو سپورٹ کرتا ہے مگر وہ اس فریکوئنسی کے لیے تیار نہیں ہوا تھا۔

وائی فائی کا 7 جنریشن ورژن وائی فائی 6 اور 6 ای کے مقابلے میں نمایاں حد تک بہتر ہے جس کی انٹرنیٹ اسپیڈ 4 گنا زیادہ تیز ہوگی۔

وائی فائی 7 میں لیٹنسی ( ایک نیٹ ورک سے دوسرے تک سفر کرنے کے لیے ایک سگنل کو درکار وقت) کو بھی کم کیا گیا ہے جبکہ گنجائش کو بہتر بنایا گیا ہے۔

وائی فائی 7 کے فوائد کیا ہیں؟
وائی فائی 7 زیادہ تیز رفتار، زیادہ کنکشنز سپورٹ اور لو لیٹنسی پرفارمنس جیسے فیچرز سے لیس وائرلیس کمیونیکشن اسٹینڈرڈ ہوگا۔

یہ زیادہ ہائی کوالٹی ویڈیو اور کلاؤڈ گیمنگ سروسز فراہم کرسکے گا جبکہ اے آر اور وی آر ڈیوائسز کے لیے زیادہ بہتر ہوگا۔

زیادہ گنجان جگہوں پر بھی وائی فائی 7 کی مدد سے بہتر سروس فراہم کرنا ممکن ہوگا۔
وائی فائی 7 کا وائی فائی 6 سے موازنہ
وائی فائی 6 میں اگر ڈیٹا ٹرانسفر اسپیڈ 9.6 جی بی پی ایس ہے تو وائی فائی 7 میں یہ زیادہ سے زیادہ 46 جی بی پی ایس ہوگی۔

اسی طرح چینل بینڈودتھ 160 میگا ہرٹز کے مقابلے میں 320 میگا ہرٹز ہوگی جبکہ فل بینڈ ودتھ چینلز کی تعداد 7 کی بجائے 6 ہوگی۔

ڈیٹا ٹرانسمیشن 1024 کیو اے ایم کی بجائے 4096 کیو اے ایم ہوگی۔

تو فرق کیا ہے؟
اگر واقعی 46 جی بی پی ایس ڈیٹا ٹرانسفر اسپیڈ دستیاب ہو (جس کا امکان کم ہی ہے) تو 25 جی بی کی بلیو رے کوالٹی کی فلم فائل کو محض چند سیکنڈوں میں ڈاؤن لوڈ کرنا ممکن ہوگا۔

وائی فائی 7 میں 16 انٹینا ڈیٹا کو ریسیو اور ٹرانسمیٹ کرسکیں گے اور خیال رہے کہ بیشتر فونز اور لیپ ٹاپس میں 2 انٹینا ریسیو اور 3 ٹرانسمیٹنگ کے لیے ہوتے ہیں۔

تو زیادہ انٹینا والے راؤٹرز سے مزید ڈیوائسز کو زیادہ ڈیٹا ٹرانسفر اسپیڈ مل سکے گی اور انٹرنیٹ اسپیڈ سست ہونے کے مسائل کا سامنا بھی کم از کم ہوگا۔

واضح رہے کہ اس وقت مارکیٹ میں وائی فائی 7 کو سپورٹ کرنے والے راؤٹرز کی تعداد بہت کم ہے تو اس کے استعمال کے لیے ابھی کچھ عرصہ انتظار کرنا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے