کرکٹ کو سیاست زدہ کرنے پر پی سی بی کا بھارت کیخلاف آئی سی سی کو خط

کھیل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھیل میں سیاست لانے پر بھارت کیخلاف آئی سی سی کو خط تحریر کردیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھا ہے جس میں بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے آسٹریلیا سے تیسرے ون ڈے میں آرمی کیپس پہن کر کھیلنے پر ایکشن لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق یہ سب کچھ خانہ پری کیلیے کیا گیا، کونسل کی جانب سے بھارت کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا سے رانچی میں منعقدہ تیسرے ون ڈے میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے آرمی کیپس پہن کر شرکت کی، پلوامہ واقعے کے بعد دونوں پڑوسی ممالک میں سخت کشیدگی ہے، جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی جانب سے یہ حرکت واضح طور پر پاکستان کو اشتعال دلانے کی کوشش تھی، کرکٹ میں سیاست شامل کرنے پر پاکستانی شائقین نے شدید احتجاج کیا تھا، وزیرخارجہ اور وزیر اطلاعات نے بھی اس پر سخت بیانات دیے جس کے بعد پی سی بی بھی جاگ اٹھا، گزشتہ دنوں نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین احسان مانی نے کہا تھا کہ وہ یہ معاملہ آئی سی سی کی سطح پر اٹھائیں گے۔پیر کو ترجمان نے تصدیق کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کو ایک خط لکھا، اس میں بھارتی رویے پر احتجاج کرتے ہوئے کرکٹرز کے آرمی کیپس پہن کر کھیلنے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے