ڈیوڈ وارنر کی ‘ گمشدہ’ ٹیسٹ کیپ بالآخر مل گئی

کھیل

پاکستان کے خلاف اپنے کیریئر کے آخری ٹیسٹ میچ سے قبل آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کی مبینہ طور پر گمشدہ ہونے والی ٹیسٹ کیپ بالآخر مل گئی۔

پاکستان کے خلاف سڈنی میں جاری ٹیسٹ میچ ڈیوڈ وارنر کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہے، انہوں نے سیریز شروع ہونے سے قبل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

تاہم اپنے الوداعی ٹیسٹ میچ سے قبل ڈیوڈ وارنر کی ٹیسٹ کیپ ‘Baggy green’ ان کے سامان سے مبینہ طور پرگم ہوگئی تھی۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے بتایا تھا کہ کچھ روز قبل پاکستان کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے میلبرن سے سڈنی کے سفر کے دوران میری کیپ بیگ میں تھی لیکن پھر کوئی شخص میرے سامان سے وہ بیگ کیپ سمیت لے گیا ہے۔

وارنر کا کہنا تھا کہ ائیرلائن کی جانب سے مجھے بتایا گیا کہ انہوں نے تمام کیمروں سے چیک کیا جس میں کسی کو بھی ان کے سامان کو ہاتھ لگاتے نہیں دیکھا گیا لیکن میں پھر بھی درخواست کرتا ہوں کہ اگر آپ وہ شخص ہیں جس کے پاس میرا بیگ ہے تو آپ بیگ رکھ سکتے ہیں میرے پاس ایک فالتو ہے لیکن وہ ٹیسٹ کیپ مجھے واپس بھجوا دیں آپ کا بہت شکریہ ہوگا۔
تاہم کچھ دن کے انتظار کے بعد ڈیوڈ وارنر کو اپنی ٹیسٹ کیپ بالآخر واپس مل گئی، یہ خوشخبری انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو جاری کرتے ہوئے سنائی۔

وارنر نے ویڈیو بیان میں کہا کہ’میں آپ سب کو یہ بتاتے ہوئے بہت خوش اور راحت محسوس کر رہا ہوں کہ میری کیپ مل گئی ہے’۔

انہوں نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی کیپ کو واپس لانے میں ان کی مدد کی۔ وارنر نے آسٹریلوی ائیر لائن، ہوٹل اسٹاف اور ٹیم منیجمنٹ کو بھی شکریہ کہا۔

یہ واضح نہیں ہوا کہ ان کی یہ ٹیسٹ کیپ کہاں سے ملی ہے اور اسے کون لے گیا تھا۔

واضح رہے کہBaggy green کیپ آسٹریلوی کھلاڑی کو اس وقت دی جاتی ہے جب وہ اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرتا ہے۔

سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں شدید مشکلات کا شکار ہے اور 68 رنز پر اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔ پاکستان کی دوسری اننگز میں آسٹریلیا پر مجموعی برتری 82 رنز ہو گئی ہے۔

یہاں یہ بات بھی یاد رہے کہ ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے