تیسرے سرینا ہوٹلز چیف آف دی ائیر سٹاف قراقرم انٹرنیشنل الپائن اسکینگ کپ کے دوسرے دن یوکرین کے اسکئیرز مکمل طور پر چھائے رہے۔
انہوں نے پی اے ایف سکی ریزورٹ نلتر میں منعقدہ مردوں اور عورتوں کی سلالم کیٹیگری میں دو دو پوزیشنز اپنے نام کر لیں ۔ مردوں کی سلالم کیٹیگری میں تسبیلینکو لیوکو ناقابل تسخیر رہتے ہوئے پہلے نمبر پر اور ان کے ہم وطن ناریچن اینڈریے تیسرے نمبر پر رہے۔
نلتر سے تعلق رکھنے والے مایہ ناز ا سکئیر محمد کریم نے اسی کیٹیگری میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔خواتین کی سلالم کیٹیگری میں بھی یوکرائن کی اسکیئرز نے میدان مار لیا۔ تائکون تیتیانہ اور ایناسٹیسیا گوربنو وا اعلیٰ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر رہیں۔
پاکستانی اسکئیر جیہ علی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کیٹیگری میں تیسر ی پوزیشن حاصل کی۔13 ممالک بشمول پاکستان،یونان، افغانستان، ترکی، یوکرائن ، ہانگ کانگ، برطانیہ ، بوسنیا ہرزوگوینا ، بیلجئیم ، مراکش ، کرغستان، آز ربائیجان اور تاجکستان سے 40 بہترین اسکئیرز اس چیمپئین شپ میں حصہ لے رہے ہیں۔
ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان پاک فضائیہ کے تعاون سے ملک میں سرمائی کھیلوں کے فروغ کے لئے خلوصِ نیت سے کوشاں ہے اور ان مقابلوں کے انعقاد سے نہ صرف پاکستان کے خوبصورت شمالی علاقہ جات میں سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔