وسیم اکرم بھارتی بولر بومرہ کی ’یارکر‘ کے معترف

کھیل

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم بھی بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بومرہ کے معترف نکلے، مایہ نازسوئنگ بولر کا کہنا ہے کہ موجودہ کرکٹ میں جسپریت بومرہ ’’موثرترین یارکر‘‘ گیند کرانے والے بولر ہیں۔

آسٹریلیا کی سرزمین پر بھارتی ٹیم کے پہلی ٹیسٹ سیریز جیتنے میں اہم کردار ادا کرنے والے بومرہ ویرات کوہلی کے سیٹ اپ کا اہم حصہ رہے ہیں۔

بھارتی اخبار کے مطابق وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والے فاسٹ بولرز میں جسپریت بومرہ سب سے بہترین اور موثر یارکر کراتے ہیں۔

وسیم اکرم نے یقین ظاہر کیا کہ بومرہ رواں سال ورلڈ کپ میں ڈیتھ اوورز کے دوران فرق ثابت ہوں گے۔

سابق لیفٹ آرم فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ’’ بومرہ کا منفرد ایکشن دیگر بولرز سے بہت مختلف ہے اور وہ اچھے پیس کے ساتھ گیند کو سوئنگ کرنے کے ساتھ ساتھ موو کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں‘‘

’’لیکن جو چیز بومرہ کو خاص بناتی ہے وہ باقاعدگی کے ساتھ یارکر کرانے کی صلاحیت ہے، وہ صرف ون ڈے میچز میں یارکر کا استعمال نہیں کرتے بلکہ ٹیسٹ میچ میں بھی کرتےہیں، جیسے میں اور وقار اپنے دور میں کیا کرتے تھے۔

وسیم اکرم جو متحدہ عرب امارات میں ہونے والے 10پی ایل ٹینس بال ٹورنامنٹ کے مینٹور بھی ہیں نے کہا کہ ’’اگر آپ دیکھیں، میں پاکستان سے آیا ہوں یا بھارت سے بومرہ، ہم سب ٹینس بال کرکٹ کی پیداوار ہیں‘‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے