وزیراعلیٰ پنجاب کا ساہیوال واقعے پر جواب دینے سے گریز

پاکستان

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے میانوالی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی کے ساہیوال میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق سوال پر جواب دینے سے گریز کیا۔

میانوالی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میانوالی جس طرح قائد کا شہر ہے، اس طرح میرا شہر بھی ہے،اسے ایک ماڈل ڈسٹرکٹ بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے اس موقع پر ایک صحافی نے ساہیوال میں سی ٹی ڈی کی فائرنگ کے واقعے میں 4افراد کی ہلاکت کے حوالے سے سوال کیا تاہم عثمان بزدار نے اس واقعے پر جواب دینے سے گریز کیا۔

صحافی کے اس واقعے کے متعلق بار بار پوچھنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے جواب دیا کہ اس پر بات ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ آج ساہیوال میں جی ٹی روڈ پر پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں کی جانب ایک کار پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

کار میں 3 بچے بھی سوار تھے جن میں سے ایک زخمی ہوا ہے اور اسے اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

اس حوالے سے سی ٹی ڈی کا دعویٰ سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مرنے والے داعش کے دہشت گرد تھے جب کہ ان کے تین ساتھی فرار بھی ہو گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے