دہشتگردی واقعہ کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دینگے، وزیر اعظم کی چینی سفیر کو یقین دہانی

پاکستان

خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں چینی کانوائے پر حملے میں پانچ چینی انجینئرز سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے ۔
ڈی آئی جی مالاکنڈ محمد علی گنڈا پور نے بتایا ہے کہ حملے میں ہلاک ہونیوالے پانچ غیرملکی باشندے ہیں جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، حملہ خودکش معلوم ہوتا ہے تاہم اس کی تحقیقات جاری ہیں ۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ کا کہنا ہے کہ واقعہ کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، مسافروں کی گاڑی کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا ہے جسے دیگر زخمیوں کے ساتھ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ کے مطابق مسافر گاڑی اسلام آباد سے کوہستان جارہی تھی کہ یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا ۔

واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی حملے کی شدید مذمت

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورنے بشام میں گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر اعلیٰ نے واقعہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، علی امین گنڈاپور نے متعلقہ ڈویژنل اورانتظامیہ کوزخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بشام حملے کی مذمت

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شانگلہ میں حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے چینی باشندوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا ہے، انہوں نے کہا کہ چین سے آنے والے بھائیوں پر حملہ انتہائی تکلیف دہ امرہے، دکھ کی گھڑی میں چینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کی بشام میں حملے کی مذمت

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بشام میں حملے کی مذمت کی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ بشام میں دہشت گردی میں ملوث منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو بے نقاب کرکے سخت سزا دی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے