امید ہے الیکشن کمیشن عوام کی امنگوں کے مطابق اپنا فیصلہ سنائے گا: بیرسٹر گوہر

پاکستان

رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ امید ہے الیکشن کمیشن عوام کی امنگوں کے مطابق اپنا فیصلہ سنائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عوام نے اپنا فیصلہ 8 فروری کو سنا دیا، الیکشن کمیشن بھی عوام کی امنگوں پر اپنا فیصلہ سنائے، الیکشن کمیشن نے آج تک ہمارے آئینی و قانونی حقوق کا تحفظ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر بار الیکشن کمیشن کے فیصلے کا احترام کیا، پی ٹی آئی کے 86 امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کیا، خیبرپختونخوا میں 90 ایم پی اے نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سندھ میں 9 ایم پی اے جبکہ پنجاب میں ہمارے 107 ایم پی ایز نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پنجاب اور سندھ اسمبلی کا سیشن غیر قانونی طریقے سے ہوا، وفاقی اسمبلی کا سیشن بھی غیر قانونی ہوگا، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کل ریزرو سیٹوں کا بہتر فیصلہ کرے، مخصوص نشستوں کے فیصلے تک قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں ہو سکتا۔

مینڈیٹ چور کو پنجاب کا وزیراعلیٰ منتخب کیا گیا: صاحبزادہ حامد رضا
اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ہم امید ہے کرتے ہیں الیکشن کمیشن اس بار حقائق، آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ بنارسی ٹھگ اپنا حصہ لینے آئے تھے، یہ سمجھتے ہیں پاکستان میں ان کا حصہ وراثتی طور پر موجود ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ انسان میں کچھ شرم ہوتی ہے کچھ حیا ہوتی ہے، ایک مینڈیٹ چور کو پنجاب میں راتوں رات وزیراعلیٰ منتخب کیا گیا، اب وفاق میں بھی یہی کوشش ہو رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے