شاہد خاقان عباسی وفاقی وزیر فیصل واوڈا پربرس پڑے

پاکستان

مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی وفاقی وزیر فیصل واوڈا پر برس پڑے، اُن کا کہنا تھا کہ جو وزير جیب میں پستول ڈال کر چینی قونصلیٹ پہنچ سکتا ہے وہ کچھ بھی کرسکتا ہے، فیصل واوڈا کسی کے باپ کے نہیں، پاکستانی عوام کے نوکر اور اُن کے سامنے جواب دہ ہیں۔

اسلام آباد میں مریم اورنگزیب اور مصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جھوٹوں کا ایک ٹولا ہے جس نے ملک کا یہ حال کردیا ہے، حکومت کے معاشی امور پر ترجمان ڈاکٹر فرخ سلیم نے خطرناک باتیں کیں، حکومت میں اکثر لوگوں کو پتا نہیں کہ اُن کا کام کیا ہے، عمران خان بھی اکثر بھول جاتے ہیں کہ وہ وزیراعظم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو وزیر جیب میں پستول لے کر پھرتا ہے اسے کیا معلوم، پبلک اکاونٹس کمیٹی میں سیکریٹری کو پیش ہونا ہوتا ہے، انہیں پی اے سی کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ معیشت کے بارے میں بہت شکوک وشبہات پیدا ہوئے ہیں،کاروبار اور نوکریوں میں کمی ہوئی ہے، معیشت کی رفتار میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے 3 ارب، ابوظہبی اور دیگر امداد ملا کر 11 ارب ڈالرز بنتے ہیں،زرمبادلہ مجموعی طور پر 14 ارب ڈالرز موجود ہیں تو بحران کیا ہے؟جو باتیں ترجمان نے کہی ہیں وہ بھی ان نمبرز کو ثابت کرتی ہیں،اس کا جواب عوام مانگتی ہے، بحران کی وجوہات کیا ہیں؟

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے