9 مئی کیس: شیخ رشید کی ضمانت منظور، اڈیالہ جیل سے رہا

پاکستان

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت سے 9 مئی کے مقدمات میں شیخ رشید کی ضمانت منظور ہونے پر انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔

شیخ رشید کیخلاف 9 مئی کے حوالے سے کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی اور سماعت شروع ہوتے ہی وقفہ کر دیا گیا، وقفے کے بعد دوبارہ سابق وزیر داخلہ کی درخواست ضمانت پر سماعت شروع ہوئی۔

دوربارہ سماعت شروع ہونے کے بعد بھی پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت میں کوئی پیش نہیں ہوا جبکہ شیخ رشید احمد کے وکلاء سردار عبدالرازق خان اور سردار شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔

بعدازاں عدالت نے شیخ رشید کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی اور پولیس کو ضمانتی مچلکے داخل کرانے پر شیخ رشید کو اڈیالہ جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

بعدازاں سابق وزیر داخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے