کولگیٹ ٹوتھ پیسٹ کے ’گمراہ کن‘ اشتہار پر برطانیہ میں پابندی

دنیا کمیونٹی نیوز

برطانیہ میں کولگیٹ ٹوتھ پیسٹ کے اس اشتہار پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جس میں خراب دانتوں کو فوری طور پر ٹھیک کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ اس اشتہار کو ’گمراہ کن‘ قرار دیا گیا ہے۔

ایڈورٹائزنگ سٹنیڈرڈ اتھارٹیز کو ’کولیگیٹ سینسیٹو ریپیئر اینڈ پریوینٹ ٹوتھ پیسٹ‘ کے اشتہار کے بارے میں چھ شکایات موصول ہوئیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ٹوتھ پیسٹ دانتوں پر ایک تہہ بنا دیتا ہے جو اسے ٹھیک کر دیتی ہے۔

کولگیٹ پامولیو کے گذشتہ سات برسوں میں جاری ہونے والے نو اشتہاروں پر پابندی عائد کی گئی ہے جن میں سے پانچ دانتوں کے لیے بنی مصنوعات کے بارے میں تھے۔

مذکورہ اشتہار برطانیہ میں اگست میں نشر کیا گیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس ٹوتھ پیسٹ کے دن میں دو مرتبہ انگلیوں کی مدد سے دانتوں پر استعمال سے حساسیت پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

کولگیٹ پامولیو کا کہنا ہے کہ اس کے کلینیکل مطالعے نے ثابت کیا ہے کہ اس ٹوتھ پیسٹ نے دانتوں میں خورد بین سے دکھائی دینے والے انتہائی باریک سوراخوں کو بھر دیا تھا۔

کمپنی کے مطابق ان کا اشتہار کافی واضح تھا کہ ان کا ٹوتھ پیسٹ دانتوں کو ایک ڈھال فراہم کرتا ہے اور حساسیت سے ہونے والے درد سے نجات دلاتا ہے۔

تاہم ایڈورٹائزنگ سٹنیڈرڈ اتھارٹیز کا کہنا ہے کہ یہ سب دانت کی ’مرمت‘ ہرگز نہیں ہے اور کمپنی نے اشتہار میں یہی دعویٰ کیا ہے کہ یہ ٹوتھ پیسٹ ’دانت کی فوری مرمت‘ کرتا ہے۔

ادارے کے مطابق یہ اشتہار موجودہ دعوے کے ساتھ نشر نہیں کیا جا سکتا اور کمپنی ایسے کسی بھی دعوے سے قبل ثبوت فراہم کرنے کی مجاز ہے۔

اس سے پہلے سنہ 2014 میں کمپنی کے ایک اشتہار پر اس لیے پابندی عائد کی گئی تھی کیونکہ اس میں کہا گیا تھا کہ ان کا ایک ٹوتھ برش دانت صاف کرنے کے لیے ’سونک ویوو‘ استعمال کرتا ہے۔

پابندی کا سامنا کرنے والے ایک اشتہار میں بے انتہا سفیدی لانے والا ٹوتھ پیسٹ دکھایا گیا جبکہ ایک عورت یہ کہتی دکھائی گئی کہ وہ نرس ہے جبکہ وہ دراصل ایک اداکارہ تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے