‘نوبل انعام کا حقدار نہیں، مسئلہ کشمیر حل کرنیوالا ہی اس ایوارڈ کا اہل ہوگا’

پاکستان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے وہ نوبل انعام کے حق دار نہیں، برصغیر میں انسانی ترقی اور امن کو راستہ دینے والا نوبل پرائز کا صحیح اہل ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنی تازہ ترین ٹوئٹ میں کہا ہے میں نوبل انعام کاحق دار نہیں، نوبل پرائز کا وہ حق دار ہوگا جو مسئلہ کشمیر حل کرے گا۔ انہوں نے کہا جو عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرے وہی اس ایوارڈ کا حق دار بھی ٹہرے گا، برصغیر میں انسانی ترقی، امن کو راستہ دینے والا نوبل پرائز کا صحیح اہل ہوگا۔اس سے قبل پائلٹ ابھی نندن کی رہائی اور بھارت کو امن مذاکرات کی پیشکش کے بعد سماجی رابطوں کی مختلف سائٹس پر عمران خان کو امن کا نوبل پرائز دینے کی مہم ٹاپ ٹرینڈ رہی۔ دوسری طرف برصغیر میں قیام امن کے لئے ان کے مستحسن اقدامات کو دنیا بھر کے سربراہان مملکت نے بھی سراہا ہے۔یاد رہے وزیر اطلاعات فواد چودھری کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو نوبل امن انعام دینے کے لئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرائی گئی تھی۔ جس میں کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کم کرنے کے لیے انتہائی دانشمندانہ کردار ادا کیا، بھارتی قیادت کا جنگی جنون دونوں ممالک کے درمیان تناو¿ کا سبب بنا، بھارتی قیادت کا اظہارِ جارحیت دونوں ایٹمی ریاستوں کو جنگ کے دہانے پر لے آیا۔قرارداد میں مزید کہا گیا بھارت کے جنگجو یانہ رویے سے سرحد کے دونوں طرف بسنے والے کروڑوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ تھا، عمران خان نے فعال کردار ادا کرتے ہوئے مہارت کے ساتھ اس صورتحال کو امن کی جانب موڑ دیا، امن کے لیے خدمات پر وزیراعظم عمران خان کو نوبل امن انعام دیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے